ساحلی علاقوں کے بچوں کو بھی تعلیم کا حق ہے ،فاطمہ مجید
ذہین بچوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیم کیلئے ان کی معاونت بھی کریں گے چیئر پر سن فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی کا سندھ کلچر فیسٹول کی تقریب سے خطاب
کراچی (آئی این پی)چیئر پر سن فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی فاطمہ مجید موٹانی نے کہا ہے کہ ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی تعلیم کا حق حاصل ہے ، تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں اور ذہین بچوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیم کیلئے ان کی معاونت بھی کرینگے ۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول علی محمد بروہی گوٹھ ابراہیم حیدری میں سندھ کلچر فیسٹول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تین طلبہ شبیر اسماعیل، شاہ مہران اور عریشہ علی کو 50 ہزار روپے فی کس اسکالرشپ کی رقم دی جبکہ بہترین آرٹ بنانے پر زریشہ ظہیر کوفشر مین کو آپریٹو سوسائٹی کی طرف سے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔تقریب میں سابق ڈائریکٹر پرائمری حافظ معین اختر،نائب صدر ایف سی ایس یوسف گڈانی،ٹی ای او بن قاسم غلام حیدر بروہی ،گورنمنٹ ٹیچرز فورم سندھ کے صدر ظہیر احمد، جنرل سیکرٹری علی محمد خاصخیلی ،تنظیم اساتذہ کے جنرل سیکریٹری عبد الحلیم بلوچ ،یوسف خاصخیلی ،نواز کامریڈ ،فرید بلوچ ،شیر محمد حمایتی اور دیگر سیاسی، سماجی سیاسی و تعلیمی افسران شریک ہوئے ۔ سندھ کلچر فیسٹول میں مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے اپنے فن کا علمی مظاہرہ کیا۔ فیسٹول میں 30 سے زائد اسکولوں کے بچوں نے اسٹالز بھی لگائے ۔تقریب میں ٹیبلو ز،تقرری مقابلے بھی منعقد ہوئے بعد ازاں مقابلے جیتنے والوں میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے طلبہ طالبات کی قابلیت کو سراہا۔