کھلی کچہری میں عوام کی تذلیل قابل مذمت،کاشف شیخ

کھلی کچہری میں عوام کی تذلیل قابل مذمت،کاشف شیخ

عوام کوبھوک، بدحالی کا شکار اور بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم کردیا گیا پیپلز پارٹی 17 سال سے مسلسل سندھ میں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے ، بیان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے سندھ حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی کھلی کچہریوں میں عوام کے مسائل سننے کے بجائے ان کی تذلیل کے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 17 سال سے مسلسل سندھ میں اقتدار کے مزے لوٹ رہی ہے ، لیکن عوام آج بھی صاف پانی، صحت، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ سندھ صوبہ تیل، گیس، بجلی، کوئلہ اور زراعت جیسی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود نااہل قیادت کی وجہ سے سندھ کے عوام کوبھوک، بدحالی کا شکار اور بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم کردیا گیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ عوام نے حکومتی کھلی کچہریوں میں وزیروں اورمشیروں کو دن کے تارے دکھا دیئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو اس صورتحال سے عوام کے مزاج کا اندازہ کر لینا چاہیے ۔کاشف سعید شیخ نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ خود کو آٹھ قوموں کا سردار کہلوانے والے جو صوبائی مشیر بھی ہیں اپنے گھر سمیت پورے ضلع کو بدامنی اور ڈاکو راج کا مرکز بنا چکے ہیں، جس کے باعث پورے ضلع کا عوام رات ہو یا دن مکمل طور پر غیر محفوظ ہیں۔گو کہ حکومت کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور حل کرنے کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد اچھا عمل ہے مگر دوسری طرف یہ حکومتی اور انتظامی ناکامی کی واضح مثال بھی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں