شہریوں کو لوٹنے والا انتہائی مطلوب گروہ پکڑا گیا
ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور شہریوں سے چھینے گئے موبائل فون برآمد عادل اور اکرام مسروقہ موبائل فون آن لائن فروخت کرتے تھے ،ایس ایس پی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہریوں کو لوٹنے والے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کو کیماڑی ڈاکس پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ۔ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق کیماڑی ڈاکس پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اہم کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی ڈکیت گروہ کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل اور اکرام کے نام سے ہوئی ہے ، جو شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ۔ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور شہریوں سے چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان لوٹے گئے موبائل فون آن لائن فروخت کیا کرتے تھے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے متعدد ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے ، جس کے مطابق ان پر اس سے قبل بھی مختلف تھانوں میں مقدمات درج رہے ہیں۔ایس ایس پی امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان پر ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے تین مقدمات پہلے سے درج ہیں جبکہ یہ دونوں ملزمان تھانہ خواجہ اجمیر نگری اور سرجانی کے علاقوں سے بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مزید ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔