تیزرفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا
حادثہ مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان ریس لگانے کے نتیجے میں پیش آیا ایک شخص زخمی،ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار،کلینر کو حراست میں لے لیا گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ہیوی ٹریفک ایک اور شہری کی جان لے گیا۔ملیر کینٹ گیٹ نمبر چھ کے قریب بس سے ریس لگانے والے تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو اس کی زندگی سے محروم کردیا،رواں سال ہیوی ٹریفک سے ہونے والے حادثات میں جاں بحق شہریوں کی تعداد 250 ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ گیٹ نمبر چھ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار شہریوں کو کچل دیا ۔حادثے میں 22 سالہ غلام حیدر موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا دوست شہزاد زخمی ہوگیا۔حادثہ مبینہ طور پر مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان ریس لگانے کے نتیجے میں پیش آیا بس کی ٹکر سے آن لائن ٹیکسی سروس کو بھی جزوی نقصان پہنچا آن لائن ٹیکسی سروس کے مالک اور عینی شاہد اجمل کے مطابق وہ سچل کے علاقے سے فیملی کو ائیرپورٹ لے کر جارہا تھا کہ مسافر کوچ اور ڈمپر آپس میں ریس لگاتے ہوئے پیچھے سے آئے کوچ نے کار کو جبکہ ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تاہم آن لائن ٹیکسی میں سوار فیملی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔حادثے کے بعد بس ڈرائیور بس کے ہمراہ جبکہ ڈمپر ڈرائیور ڈمپر کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈمپر کے کلینر کو حراست میں لے کر ڈمپر کو تحویل میں لیتے ہوئے تھانے منتقل کردیا پولیس کے مطابق فرار ڈمپر اور بس ڈرائیوروں کی تلاش جاری ہے ۔