نوشہرو فیروز ضلع میں 126پٹرول پمپ غیر قانونی قرار
ایرانی تیل بیچے جانے سے خزانے کو بھاری نقصان، کارروائی کی سفارشاوگرا فہرست میں صوبے میں 527پمپس غیر قانونی ڈکلیئر کئے گئے ہیں
محراب پور (نمائندہ دنیا)نوشہرو فیروز ضلع میں 126 پٹرول پمپ غیر قانونی قرار دیدیئے گئے ، جن کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز نے غیر قانونی پٹرول پمپس،یونٹس کے خلاف کارروائی کاحکم دیدیا، اوگرا کی جاری فہرست میں سندھ میں 527 پیٹرول پمپ غیر قانونی چل رہے ہیں، ضلع نوشہرو فیروز میں 126 پٹرول پمپ غیر قانونی طور پر چل رہے ، جن پر ایرانی تیل فروخت ہوتا ہے ، جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔ اوگرا نے جاری فہرست میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی پولیس کو غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
لیکن مذکورہ پٹرول با اثر سیاسی افراد اور انکے حمایتی لوگوں کے ہونے کی وجہ سے کارروائی نہیں ہوئی، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم نے ضلع میں قائم غیر قانونی اور بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے پٹرول پمپوں ، ایجنسیوں اور یونٹس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ، ڈپٹی کمشنرآفس نوشہرو فیروز سے جاری حکم نامہ کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر درجہ اول صدام حسین میمن کو ضلع بھر میں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں غیر قانونی طور پر چلنے والے پٹرول پمپوں اور پیٹرولیم مصنوعات کے کاروبار کو روکنے کے اختیارات سونپے ہیں تاکہ ضلع میں غیر قانونی پٹرول پمپوں ، ایجنسیوں اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کے کاروبار کی موثر روک تھام کی جا سکے۔