جیکب آباد:وزیر ریلوے کا نابینا قلی کے بیٹے کو ملازمت دینے کا اعلان
جیکب آ باد(نمائندہ دنیا)نابینا قلی اکبر جمالی کی وائرل ویڈیو پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے انکے بیٹے کو ریلوے میں ملازمت دینے کااعلان کیا ہے۔۔۔
وفاقی وزیر ریلوے قلی اکبر جمالی سے وزارت میں ملاقات بھی کریں گے اور نابینا کے علاج کے لئے بھی اپنی جیب سے مالی معاونت کرینگے ۔ جاری اعلامیے میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ریاست محنت کش کے ساتھ کھڑی ہے ، ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بینائی سے محروم قلی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔جیکب آباد کے قلی اکبر علی کا بیٹا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سب ڈویژن میں چوکیدار تعینات کردیا گیا جبکہ اکبر علی کی بیٹی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کروانے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اکبر علی جمالی کو ایک لاکھ روپے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔