میرپور خاص:گوٹھ کی مسماری کیخلاف وکیل رہنما احتجاجاً مستعفی

میرپور خاص:گوٹھ کی مسماری کیخلاف وکیل رہنما احتجاجاً مستعفی

قتل کے ملزم گرفتار،پھر گھر کیوں گرائے گئے ، لاشاری برادری نے بھی احتجاج کیاعدالتی حکم کے بعد نجی ہاؤسنگ اسکیم کے اطراف تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپور خاص میں نجی ہاؤسنگ اسکیم کے مالک کے قتل کے بعد تجاوزات آپریشن جاری ہے ، پولیس نے کئی گوٹھ مسمار کردیئے ، جس پر ہائی کورٹ بار کے نائب صدر ایڈوکیٹ غلام حسین ملانو نے احتجاجاً استعفیٰ دیدیا۔ اتوار کی شب نجی ہاؤسنگ اسکیم سے متصل گاؤں صوبیدار لاشاری کے رہائشی گھروں کو نجی کالونی کی زمین پر مبینہ تجاوزات کا جواز بنا کر ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کرنے اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے خلاف گاؤں کے درجنوں مکینوں نے مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قوم پرست رہنماؤں نے کہا کہ جب نجی ہاؤسنگ اسکیم مالک کے قتل کے ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔

تو پھر گھروں کو مسمار کیوں کیا جارہا ہے جبکہ لاشاری گوٹھ مسمار کیے جانے کے خلاف ہائیکورٹ بار میرپورخاص کے نائب صدر غلام حسین ملانو نے احتجاجاً عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ لاشاری برادری نے بھی احتجاج کیا، انہوں نے معاملے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نجی ہاؤسنگ اسکیم کے اطراف انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے دوسرے روز بھی آپریشن جاری رہا۔ علاوہ ازیں نجی ہاؤسنگ اسکیم کے مالک چودھری شہزاد احمد کے قتل میں نامزد دو ملزمان کوریمانڈ ختم ہونے پر عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے مزید چار روز کا ریمانڈ دے دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں