سینٹرل پولیس آفس میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح
تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز کی لائبریریز سے منسلک کیا جائے ،آئی جی کی ہدایت
کراچی (این این آئی)آئی جی سندھ نے غلام نبی میمن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح کردیا ۔لائبریری میں قانون، پولیس رولز، عدالتی فیصلے اور دیگر معلومات ڈیجیٹلی فراہم کی گئی ہیں۔ڈیجیٹل لائبریری مختلف سرکاری و غیر سرکاری قانونی اداروں اور تحقیقی فرمز کے ساتھ انٹیگریٹڈ ہے ۔افتتاح کے موقع پر ایڈیشنل آئی جیز آپریشن، ٹریننگ، ڈی آئی جیز ہیڈ کواٹر، ٹریننگ، آئی ٹی، ٹی اینڈ ٹی، کرائم اینڈ انویسٹی گیشن، اے آئی جیز، پی ڈی آئی ٹی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
ڈی آئی جی ہیڈ کواٹرنے لائبریری کی تزین و آرائش جبکہ ڈی آئی جی آئی ٹی اور پی ڈی آئی ٹی نے ڈیجیٹل لائبریری کی سہولیات سے آگاہ کیا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری سندھ پولیس کے تاریخی اور تحقیقی مواد کی دستیابی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ یہ لائبریری پولیس افسران اور تحقیق کاروں کے لیے معلوماتی مرکز کا کردار ادا کرے گی۔تمام افسران و ملازمین ڈیجیٹل لائبریری سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری کو تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز کی لائبریریزکیساتھ منسلک کیا جائے ۔