ٹریفک حادثات میں غیر ملکی طالب علم سمیت 3 جاں بحق، 11 زخمی
سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ (بیورو رپورٹ) پنوعاقل سانگی کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی میت کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے تعلقہ اسپتال پنوعاقل منتقل، بعد ازاں قانونی کارروائی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
لاڑکانہ کے قریب ہائی وے پر ٹرک اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں گاؤں رتوکوٹ کی رہائشی 50 سالہ رفیقہ خاتون جاگیرانی، نوجوان عبدالجبار جاگیرانی اور خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمی خاتون رفیقہ جاگیرانی زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ تھانہ کڈھر کی حدود میں کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار غیر ملکی طالب علم جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت حنان عمر، سکنہ اردن جبکہ زخمی کی شناخت محمد، سکنہ فلسطین کے طور پر ہوئی۔ دونوں جامشورو یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے اور اپنے ایک دوست سے ملاقات کے لیے جام شورو سے موٹر سائیکل پر نواب شاہ قائد عوام یونیورسٹی آ رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔ قومی شاہراہ قاضی احمد کے مقام پر تیز رفتار مسافر بس الٹنے سے 8 سے زائد مسافر خواتین اور بچے شدید زخمی ہوگئے ، جن کو نازک حالت میں تحصیل اسپتال قاضی احمد منتقل کر دیا گیا۔