حیدر آباد :سال کے آخری روز تالا توڑ گروہ نے 3 دکانیں لوٹ لیں
چور پونے 2 کروڑ مالیت کا سامان، نقدی لے گئے ،تاجروں کا احتجاج، کاروبار بند کر دیا ایس ایس پی کی چوروں کی گرفتاری، سامان برآمدگی کیلئے خصوصی ٹیمیں بنانے کی ہدایت
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کے مصروف تجارتی مرکز صدر بوہری بازار میں سال کے آخری روز تالا توڑ گروہ نے بڑی چوری کی واردات کرتے ہوئے 3 پینٹ شاپس کا صفایا کر دیا۔ چور رات کی تاریکی میں دکانوں کے تالے توڑ کر تقریبا ًپونے دو کروڑ روپے مالیت کا قیمتی سامان اور نقدی لے کر باآسانی فرار ہو گئے ۔ چوری کی واردات کا علم صبح دکانیں کھلنے پر ہوا، جس کے بعد صدر بازار کے تاجروں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تاجروں نے جزوی طور پر کاروبار بند کر دیا اور پولیس کی ناقص کارکردگی کے خلاف نعرے بازی کی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو صدر بوہری بازار پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ ایس ایس پی نے پولیس افسران کو فوری طور پر چوروں کی گرفتاری اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ صدر بازار جیسے حساس اور مصروف تجارتی علاقے میں رات کے اوقات میں گشت بڑھایا جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی وارداتوں کا سدباب ہو سکے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔