اندرون سندھ:موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد ٹھنڈمیں اضافہ
بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل،نشیبی علاقوں،سڑکوں پر بارش کا پانی کھڑا ہو گیالوگ گھروں میں محصور،خشک میوہ جات کی دکانوں اور لنڈا بازار میں خریداروں کا رش
سکھر، لاڑکانہ، جھڈو، محراب پور، پڈعیدن (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سرد ہوا میں اضافہ، موسم خوشگوار ہوگیا۔ سکھر میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد سرد ہواؤں میں اضافے کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جس کے بعد لنڈا بازار میں عوام کا رش بڑھ گیا، شہری موسم کی اس تبدیلی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ لاڑکانہ اور گرد و نواح میں تیز بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا، موسلا دھار بارش کے دوران سیپکو کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی۔ بارش کے باعث سول اسپتال، اسٹیشن روڈ، رائل روڈ، سرکٹ ہاؤس روڈ، اے ایس پی آفس روڈ، ریشم گلی، پیر سرکٹیو روڈ، ایمپائر روڈ، بڑی مچھلی مارکیٹ، پرانا بس اسٹینڈ روڈ، مراد واہن روڈ، نشیبی اور گنجان علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جھڈو اور گردونواح سمیت زیریں سندھ کے علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں اور شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور سڑکوں پر پھیلی کیچڑ کی وجہ سے شدید پھسلن پیدا ہوگئی۔ محراب پور میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جبکہ خشک میوہ جات کی دکانوں ، لنڈا بازار میں خریداروں کا رش بڑھ گیا۔ پڈعیدن سمیت وسطی سندھ کے مختلف شہروں نوشہروفیرو،پھل سٹی،بھریاروڈ، بھریاسٹی، لاکھا روڈ، پکاچانگ،مورو،کنڈیارو،مٹھیانی سمیت دیگر علاقوں میں بارش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔