سال2025:ٹریفک حادثات میں خواتین،بچوں سمیت 857افراد لقمہ اجل بنے

سال2025:ٹریفک  حادثات  میں  خواتین،بچوں  سمیت 857افراد  لقمہ  اجل  بنے

گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 11،چھت سے گرکر76اور پانی میں ڈوب کر85افراد جاں بحق ہوئے گٹر میں گر کر 15افراد کی موت ہوئی ،مختلف مقامات سے 35نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی ملیں،چھیپا رپورٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فلاحی ادارے چھیپا فاؤنڈیشن نے سال 2025 میں شہر قائد میں پیش آنے والے مختلف حادثات و واقعات اور دیگر سانحات میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے مکمل اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔چھیپا فاؤنڈیشن کے ترجمان چودھری شاہد حسین نے 2025 کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات کی شرح زیادہ رہی، 857 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے جن میں 670 مرد، 89 خواتین، 74 بچے اور 24 بچیاں شامل ہیں۔ان ٹریفک حادثات میں زخمیوں کی تعداد 12ہزار 188 رہی جس میں 9550 مرد، 1904 خواتین، 563 بچے اور 171 بچیاں شامل ہیں۔ رواں برس رونما ہونے والے دیگر حادثات و واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمار بھی جاری کر دیے گئے ہیں جن کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 07 مرد، 3 خاتون اور 1 بچی شامل ہے اور 40 شہری زخمی ہوئے ۔چھت سے گر کر 76، چھت گرنے سے 19، ٹرین کی ٹکر سے 51، پانی میں ڈوب کر 85 جبکہ جھلس کر 21 افراد جاں بحق اور 133 شہری زخمی ہوئے ۔ کرنٹ لگنے کے واقعات میں 133، گٹر میں گر کر 15 افراد کی موت ہوئی جس میں 9 مرد اور 6 بچے شامل ہیں۔ رواں برس کراچی میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے کے باعث ملبے تلے دب کر اور جھلس کر 5 افراد جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہوئے ۔سال 2025 میں 13 افراد کھلے نالوں میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے ۔ چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق طبعی طور پر وفات پانے والے 263 افراد کی میتوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مختلف مقامات سے 35 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی ملیں۔منشیات کے استعمال میں زیادتی کے باعث 395 مرد اور 5 خواتین کی لاشیں بھی شہر کے مختلف علاقوں سے اٹھائی گئیں جن میں سے زیادہ تر لاوارث تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں