میرپور خاص:بلدیہ ملازمین سے مذاکرات کامیاب، 8روزہ ہڑتال ختم

میرپور خاص:بلدیہ ملازمین سے مذاکرات کامیاب، 8روزہ ہڑتال ختم

پی پی رہنما عزت شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں ملازمین کے مطالبات پرتفصیلی غوربڑھی تنخواہیں اسی ماہ فراہم، آئندہ ماہ سے فرق ادا ہوگا، پنشنرز کیلئے بھی فارمولا تیار

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میونسپل کارپوریشن میرپورخاص میں گزشتہ 8 روز سے جاری ملازمین کے احتجاج کے خاتمے کے لیے مذاکرات کامیاب ہوگئے ۔ یہ مذاکرات پیپلز پارٹی کے صدرسائیں پیر عزت حسین شاہ جیلانی کی صدارت میں ہوئے ، جس میں ڈپٹی کمشنر مظہر علی عباسی،ڈویژنل صدر ایپکا شہید ساقی، میئر، میونسپل کمشنر میرپور خاص اور چیف اکاؤنٹ آفیسر نے شرکت کی۔ مذاکرات کے دوران ملازمین کے دیرینہ مطالبات پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے نتیجے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملازمین کو اسی ماہ سے بڑھائی گئی تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔ فیصلے کے مطابق آئندہ ماہ سے ملازمین کو بڑھائی ہوئی تنخواہ کے ساتھ ایک مرتبہ کا واجب الادا فرق (ڈیفرینس) بھی ادا کیا جائے گا اور اسی طرح ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کا بھی فارمولا طے کیا گیا ہے ۔ ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے پچاس لاکھ روپے کی رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے تحت پہلے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ترجیحی بنیادوں پر یکمشت ادائیگی کی جائے گی۔ اسی طرح ترقیوں (پروموشن) کے حوالے سے بھی نتیجہ خیز مذاکرات ہوئے ، جن کے تحت ایک ماہ کے اندر اندر پہلے سے کی گئی ترقیوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، جبکہ اسی مہینے نئی ترقیوں کی سینیارٹی لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔ کامیاب مذاکرات اور مطالبات کی منظوری کے بعد ملازمین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں