چیف سیکریٹری سے آئی جی جاوید عالم کی ملاقات، امن وامان پرگفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملاقات کی۔۔۔
، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے جاوید عالم اوڈھو کو انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پولیسنگ و انتظامی امور میں سندھ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کے دوران پولیس فورس کی تربیت، سہولیات اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کو مزید بہتر بنانے سے متعلق امور زیرِ غور آئے ۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ صوبے میں امن، سلامتی اور قانون کی بالادستی کے قیام میں پولیس فورس کی خدمات قابلِ تحسین اور ناگزیر ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مسلسل تربیتی پروگرامز اور جدید سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مؤثر اور معیاری پولیسنگ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اس موقع پر صوبے میں مؤثر، شفاف اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائیگی۔