شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی پرمیئرودیگرکو نوٹس

شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی پرمیئرودیگرکو نوٹس

فریقین سے 9 فروری تک جواب طلب، بوسیدہ لائنیں تبدیل ،صاف پانی کی فراہمی کا حکم دیا جائے ، وکیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے شاہ فیصل کالونی میں صاف پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران میئر کراچی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سمیت متعلقہ فریقین سے 9 فروری تک جواب طلب کرلیا۔ چیئرمین یوسی 3 گرین ٹاؤن سمیت 3شہریوں کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ 50 برس سے بوسیدہ پرانی پانی کی لائنوں میں شدید ٹوٹ پھوٹ کے باعث سیوریج کا آلودہ پانی پینے کے پانی کی لائنوں میں شامل ہو رہا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ واٹر کارپوریشن اور محکمہ بلدیات کو متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود  مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔ وکیل کے مطابق سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے باوجود علاقے کی بوسیدہ لائنیں تاحال تبدیل نہیں کی گئیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ واٹر کارپوریشن کو شاہ فیصل کالونی میں تمام بوسیدہ پانی کی لائنیں تبدیل کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کا حکم دیا جائے اورمنظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کو فوری شروع کرایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں