کمشنر کااجلاس، لعل شہباز عرس انتظامات کے حوالے سے جائزہ لیا
18شعبان سے عرس کا آغاز، متعلقہ افسران کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایتزائرین کی ہرممکن سہولت کیلئے متعلقہ محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، فیاض عباسی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)کمشنر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت آج ان کے آفس شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں میں لال شہباز قلندرکے 774ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، عرس مبارک 18 شعبان بمطابق 6 یا 7 فروری 2026 سے شروع ہونے والے عرس مبارک سے قبل تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تر انتظامات کو مکمل کرنے کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ حضرت لال شہباز قلندر کے عرس مبارک میں دنیا بھرسے لاکھوں زائرین شرکت کرتے ہیں زائرین کوہرممکن سہولیات فراہم کرنے لیے متعلقہ محکمے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے بریفنگ میں بتایا کہ عرس کے دوران ملاکھڑا ، ادبی کانفرنس اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی کے حوالے سے سہون شریف کو 8 زونز میں تقسیم کر کے سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں گے ، جبکہ ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ طبی سہولیات کیلئے محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور سید عبداﷲ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سہون کی جانب سے طبی کیمپس کا قیام عمل میں لایا جائے گا، غضنفر علی قادری نے بتایا عرس کے دوران حیسکو کی جانب سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جس پر کمشنر فیاض عباسی نے ہدایت کی کہ سہون شریف میں بجلی کے نظام کو بہتر بناکربلا تعطل فراہمی کویقینی بنایا جائے ۔