حیدر آباد:گلستان سرمست کوایک ہفتے میں بجلی فراہمی کی یقین دہانی
ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کی حیسکو چیف سے ملاقات میں مثبت پیشرفت سامنے آئی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے ڈاکٹر افشاں رباب نے چیف ایگزیکٹو حیسکو سے ملاقات کی، جس میں گلستانِ سرمست ہاؤسنگ اسکیم کو بجلی فراہمی پر تفصیلی گفتگو ہوئی، سی ای او حیسکو نے آئندہ ایک ہفتہ میں مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرادی ۔ میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے جاری اعلامئے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے ڈاکٹر افشاں رباب سید نے گزشتہ روز چیف ایگزیکٹو آفیسر حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی فیض اللہ ڈاہری سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکریٹری ایچ ڈی اے قاضی محمد اسلم ، ایگزیکٹو انجینئر ہاؤسنگ پروجیکٹ انجینئر اصغر میمن ، انجینئر سرفراز احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ ملاقات کا بنیادی ایجنڈا گلستانِ سرمست ہاؤسنگ اسکیم میں الیکٹری فکیشن کے عمل کو تیز کرنا اور وہاں مقیم و مستقبل کے رہائشیوں کے لیے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ ڈاکٹر افشاں رباب سید نے اسکیم میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ الاٹیز کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔ اس موقع پر سی ای او حیسکو نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے کے اندر گلستانِ سرمست ہاؤسنگ اسکیم میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے نمایاں اور مثبت پیشرفت سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد پہلے ہی گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے 4 ایکڑ زمین حیسکو کے حوالے کر چکا ہے ۔ دونوں اداروں کے سربراہان نے عوامی مفاد کے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔