سکھر میں چوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

سکھر میں چوروں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

گوٹھ گل لبانو کے اسلم چوہان نے گھر میں گھسے ہوئے چوروں سے مزاحمت کی تھیحیدر آباد میں لاکھوں کی ڈکیتی، مزاحمت پرایک زخمی، میرپور خاص میں 3وارداتیں

سکھر، اندرون سندھ (نمائندگان)سکھر میں گھر میں گھسے چوروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ حیدر آباد میں مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوگیا، میرپور خاص میں بھی 3 وارداتیں ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکھر کے گوٹھ گل لبانو میں چوروں نے اسلم چوہان کے گھر میں گھس کر چوری کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کرکے 35 سالہ اسلم چوہان کو قتل کردیا، اور فرار ہو گئے ، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں وادھواہ پر شوروم میں مسلح ملزمان داخل ہوئے اور موجود افراد کو یرغمال بنانے کے بعد لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ لی ، اس دوران مزاحمت کرنے پر شوروم میں بیٹھے شخص کو گولی مارکر زخمی کردیا، جس پر قاسم آباد کے تمام شوروم مالکان نے احتجاجاً اپنا کاروبار بند کردیا، وادھواہ پر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی، جبکہ گزشتہ رات بھی قاسم آباد بھٹائی نگر تھانے کی حدود گلستان سجاد میں سرکاری افسر کے گھر میں مسلح ملزمان نے داخل ہوکر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا تھا۔ میرپورخاص میں لیڈی اہلکار شاہزین پنہور کو غریب آباد تھانے کی حدود میں لوٹ لیا گیا، ملزمان نقدی، طلائی بالیاں، اے ٹی ایم کارڈ لے گئے ۔ محمود آباد میں عبید کریمی کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی، ریواچند گارڈن میں چوروں نے مرغی فروش ایوب کی دکان سے 20 زندہ مرغیاں، ترازو اور دکان میں استعمال دیگر سامان چوری کر لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں