حیدر آباد:شاپنگ مالز، پلازوں میں فائر سیفٹی سے متعلق اجلاس
ڈپٹی کمشنر زین العابدین کی فوری، جامع جانچ پرزور دیتے ہوئے نشاندہی کی ہدایتایسے مقامات بتائیں جہاں فائر ٹینڈرودیگر حفاظتی سہولیات کی ضرورت ہو، گفتگو
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)سانحہ گل پلازہ کراچی کے بعدحیدرآباد انتظامیہ کو بھی ہوش آگیا ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس حیدرآباد میں سرکاری و نجی بلند عمارتوں، شاپنگ مالز، پلازوں اور دیگر کمرشل عمارتوں کے فائر سیفٹی آڈٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوااور انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے فائر سیفٹی اقدامات کی فوری اور جامع جانچ پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ایسی عمارتوں، شاپنگ مالز اور عوامی مقامات کی نشاندہی کریں جہاں فائر ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی سہولیات کی فوری ضرورت ہے ۔ڈپٹی کمشنر کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری مراسلے میں درج احکامات کے مطابق سرکاری و نجی بلند عمارتوں، مالز، پلازوں اور شاپنگ سینٹرز کے فائر سیفٹی آڈٹ کے عمل کو سختی سے یقینی بنائے ۔ اجلاس کے دوران ٹرمز آف ریفرنس (TORs) پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فائر سیفٹی قوانین کے مطابق حفاظتی انتظامات، تفصیلی انسپکشن اور ضروری اقدامات فوری مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں لاپروائی برداشت نہیں، انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔