رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی،3سے 4ارب روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی

رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی،3سے 4ارب روپے مالیت کی منشیات  پکڑی گئی

محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم نے حب چوکی پر گاڑی سے 240 کلو 350 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمدکی،گارڈن گودام سے بھی 26 کلو 600 گرام آئس ضبط

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے خفیہ اطلاع پر رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 سے 4 ارب روپے مالیت کی 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔ صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم نے منشیات اسمگلنگ کی کوشش کا بڑی مہارت سے ناکام بنایا۔ صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے بتایا کہ کاروائی دو مرحلوں میں مکمل کی گئی، پہلی کاروائی حب چوکی پر ٹویوٹا پک اپ ریوو نمبر LB-8950 میں گئی، جہاں گاڑی کے خفیہ خانوں میں بڑی مہارت کے ساتھ چھپائی گئی 240 کلو 350 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ دوسری کاروائی گاڑی سے گرفتار ملزم عارف اقبال ولد شاہ محمد کی نشاندہی پر گارڈن ویسٹ کے ایک گودام میں کی گئی جہاں لنڈے کے کپڑے کی بوریوں میں خفیہ طریقے سے چھپائی گئی 26 کلو 600 گرام آئس برآمد ہوئی،ل۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ پکڑی گئی منشیات کی کھیپ لاکھوں افراد استعمال کرسکتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کاروائی ہے جس پر نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے مزید ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے ۔ انھوں نے واضح کیا کہ معاشرے سے منشیات اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کے لیے مزید کاروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں