حیدر آباد:مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا، متحدہ
ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سبزی اور پھلوں کے نرخ آسمان کو چھورہے سندھ حکومت ذخیرہ اندوزوں، گرانفروشوں کیخلاف سخت کارروائی کرے ، مطالبہ
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان ڈسٹرکٹ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی نے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا ، ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سبزی، پھلوں کے نرخ آسمان کو چھورہے ہیں، کھانے پینے کی اشیا کی مہنگے داموں فروخت سے سفید پوش افراد پریشانی کا شکار ہیں،کئی دکانداروں، ٹھیلے والوں کے پاس لسٹ ہی نہیں ہوتی اور جہاں ہوتی ہے وہاں لسٹ کے مطابق سامان فروخت نہں ہورہا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ پھلوں اور سبزیوں کا سرکاری نرخ نامہ جاری کیا جاتا ہے ، جس پر مختلف پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں درج ہوتی ہیں تاہم پھل اور سبزی فروش اس سرکاری نرخ نامے کو بالائے طاق رکھ کر لوگوں سے من مانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ دم سادھے بیٹھی ہوئی ہے اور صرف مخصوص دکانداروں پر جرمانہ کر کے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو یہ باور کرانے میں مصروف ہیں کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، لیکن پورے شہر میں منافع خوروں،ذخیرہ اندوزوں کا راج ہے ۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تا کہ عوام جو پہلے ہی ملکی معاشی حالات کی وجہ سے مہنگائی میں پس رہے ہیں، انہیں کچھ ریلیف مل سکے۔