کنڈیارو:ماہ رمضان میں ایک ہی رات چوری، ڈکیتی کی 5وارداتیں

کنڈیارو:ماہ رمضان میں ایک ہی رات چوری، ڈکیتی کی 5وارداتیں

قومی شاہراہ، اسپتال روڈاسٹار چوک، شہباز کالونی، گاؤں سائیں ڈنو میں وارداتیںبڑھتے جرائم سے شہری وتاجر برادری خوفزدہ، چوری بھینس برآمدگی کی اطلاعات

کنڈیارو (نمائندہ دنیا)کنڈیارو میں ایک ہی رات ڈکیتی اور چوری کی پانچ وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جس پر شہری خوفزدہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق کنڈیارو میں برکتوں کے مہینے ماہ رمضان المبارک کے دوران بدامنی میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک ہی رات کے دوران ڈکیتی اور چوری کی پانچ مختلف وارداتوں نے شہریوں اور تاجر برادری میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فراز ہالیپوٹو سے دو لاکھ روپے اور موبائل فون چھین لئے اور فرار ہو گئے ۔ شہر کے مصروف ترین اسپتال روڈ پر اسٹار چوک کے قریب ثنائاللہ گھانگھرو کی کریانہ دکان، حاجی منصور کلیری اور غلام مصطفیٰ سولنگی کی الیکٹرانکس دکانوں کی چھتیں توڑ کر نامعلوم چوروں نے تقریباً ایک لاکھ روپے چرا لئے ۔ علاوہ ازیں شہباز کالونی سے غلام قادر کی لاکھوں روپے مالیت کی اعلیٰ نسل کی دو بھینسیں چوری کر لی گئیں، جبکہ تھانہ حدود گاؤں سائیں ڈنو راجڑانی کے رہائشی غلام رسول پیرزادہ کی قیمتی نسل کی بکری بھی چوری کر لی گئی۔ آخری اطلاعات کے مطابق شہباز کالونی سے چوری ہونے والی بھینسیں مقامی افراد کی مدد اور پولیس تعاون سے بھورٹی کے قریب برآمد کر لی گئی ہیں۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مؤثر اقدامات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں