افغان حکومت ہوش کے ناخن لے ،سنی تحریک
دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے پوری طاقت سے کچلنا ہوگاملک کی طرف میلی نظر رکھنے والوں کی آنکھیں نوچ لیں گے ، شاداب رضا
کراچی(این این آئی) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان پر طالبان رجیم کے حملے کھلی دہشتگردی ہے ملک کی طرف میلی نظر رکھنے والوں کی آنکھیں نوچ لینگے ،افغانستان کی زمین سے پاکستان پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جاسکتے ،ملک کی سلامتی ودفاع کیلئے پاکستان کے عوام متحد اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان پر جنگ مسلط کرنے والوں کو انشاء اللہ بری طرح ناکامی ہوگی ،افغانستان کی حکومت ہوش کے ناخن لے ،فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کا گٹھ پاکستان میں مساجد ومدارس اور عبادتگاہوں اور عوام کو نشانہ بناکر کھلی دہشتگردی کررہے ہیں، دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے دہشتگردوں کو پوری طاقت سے کچلنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی رہنما فہیم الدین شیخ ،محمد مبین قادری ،محمد آفتاب قادری ،کراچی نائب امیر فرحان قادری ودیگر ذمہ داران موجود تھے ،شاداب رضا نقشبندی افغانستان کی زمین سے طالبان کے حملے کے خلاف پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے ،پاکستان ایک ایٹمی قوت ملک ہے اسے اپنی خود مختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہر گز قبول نہیں کرئے گا ،دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرکے ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا چاہیے۔