ایچ ڈی اے سوسائٹی ایڈمنسٹریٹر انتخابات کیلئے پیشرفت میں ناکام

ایچ ڈی اے سوسائٹی ایڈمنسٹریٹر انتخابات کیلئے پیشرفت میں ناکام

عدالت نے 3ماہ میں انتخابات کرانے کاحکم دیا تھا، صرف ووٹر لسٹ آویزاں کیریکارڈ دفتر میں نہیں رکھا، ایڈمنسٹریٹر واجد صورتحال پیچیدہ بنارہے ، الاٹیز کا الزام

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)لطیف آباد کوہسار زون میں ایچ ڈی اے ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے عدالت کے حکم پر تین ماہ میں انتخابات کرانے کیلئے تعینات سرکاری ایڈمنسٹریٹر نے سست روی اور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین ماہ میں الاٹیز کے دباؤ پر صرف سوسائٹی کے آفس میں ووٹر لسٹ آویزاں کی ہے ، تاحال سوسائٹی کا ریکارڈ دفتر میں نہیں رکھا گیا جبکہ قانونی طورپر سوسائٹی کا تمام ریکارڈ فوری طورپر دفتر میں رکھا جانا چاہئے تھا۔ سوسائٹی کے رہائشی افراد کی جانب سے بار بار کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ اور خود ایڈمنسٹریٹر کو تحریری درخواستیں دی گئیں جس پر تین ماہ کے بعد بحالت مجبوری سوسائٹی کے دفتر میں ووٹر لسٹیں آویزاں کی گئی ہیں۔

سوسائٹی کے معاملات کو چلانے کیلئے ہائیکورٹ کے احکامات پر تعینات کئے جانے والے ایڈمنسٹریٹر واجد حسین ملاح کے حوالے سے سوسائٹی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بجائے منیجنگ کمیٹی کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے اور سوسائٹی کے رہائشی افراد اور الاٹیز کو سہولیات فراہم کرنے کے خود انتخابات کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور صورتحال کو مزید پیچیدہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ کئی سال تک سوسائٹی پر ایک منیجنگ کمیٹی اسٹے آرڈر کی بنیاد پر کام کرتی رہی جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طورپر سوسائٹی کے فنڈز پلاٹوں کی کئی کئی فائلیں بنانے اور دیگر کام کئے جس پر سوسائٹی کے رہائشی افراد نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں