بھینس کالونی میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے بزرگ شہری کو یرغمال بناکر لوٹ لیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ضلع ملیر کے علاقے سکھن بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکودن دیہاڑے بزرگ شہری کو یرغمال بنا کر جسمانی تلاشی کے بعد دو لاکھ 90 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔
قریب ہی گاڑی میں موجود شہری نے اپنے موبائل سے واردات کی ویڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔متاثرہ شہری ابراہیم خان نے واردات کی رپورٹ سکھن تھانے میں درج کرا دی ہے ، جنہوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ کالونی لانڈھی کا رہائشی ہے اور ہفتے کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب روڈ نمبر5 باڑے کی جانب جا رہا تھا اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر 2 لاکھ 90 ہزار روپے نقد، کیپڈ موبائل فون اور شناختی کارڈ چھین کر فرار ہوگئے ۔شہری کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو شلوار قمیض میں ملبوس ہیں، موٹر سائیکل چلانے والے 2 ڈاکوؤں نے ہیلمٹ جبکہ دیگر 2 ڈاکوؤں میں سے ایک نے چہرے پر رومال اور دوسرے نے ماسک لگا کر سر پر رومال باندھا ہوا تھا۔