خواتین خاندان اور قوموں کی بنیاد ،فریال تالپور
خواتین کا بااختیار ہونا خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہمیں مساوی مواقع کی فراہمی کی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں،بیان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کو اِس عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن خواتین کی جدوجہد، قربانیوں اور کامیابیوں کی یاد دہانی ہے جو اپنی طاقت، ہمدردی اور عزم کے ساتھ معاشروں کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فریال تالپور نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ خواتین خاندان، معاشرے اور قوموں کی بنیاد ہیں۔ خواتین کا بااختیار ہونا صرف انصاف کا تقاضا نہیں بلکہ ایک پُرامن اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق اور ان کے بااختیار بنانے کی جدوجہد میں ہمیشہ صفِ اول میں رہی ہے ۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تاریخ ساز قیادت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بی بی شہید کی جرأت اور بصیرت نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالمِ اسلام میں خواتین کے لیے امید اور مواقع کے نئے دروازے کھولے ۔ فریال تالپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں اجتماعی طور پر امتیازی سلوک کے خاتمے ، مساوی مواقع کی فراہمی اور ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کوششیں جاری رکھنی چاہئیں جہاں خواتین اور بچیاں اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے خوابوں کو عملی جامہ پہنا سکیں۔