گلشن اقبال ٹاؤن میں مزید دو پارکوں کا افتتاح

گلشن اقبال ٹاؤن میں مزید دو پارکوں کا افتتاح

روشنی کے بہترین انتظامات کے ساتھ ساتھ اوپن ایئر جم بھی تعمیر کیا گیا جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز میں 234پارک بحال اور آباد کیے جاچکے ،منعم ظفر

کراچی(این این آئی)گلشن اقبال ٹاؤن میں تعمیر وترقی کا سفر جاری ہے ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے امیر ضلع شرقی نعیم اختر اور ٹاؤن چیئرمین گلشن ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ ایک ہی روز دو پارکوں کا افتتاح کردیا، جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں نے یوسی 6میٹروولIIIمیں طلحہ بن عبیداللہ پارک اور یوسی 4بلاک 6میں حضرت عبدالرحمن بن عوف پارک کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا،پارک میں روشنی کے بہترین انتظامات کے ساتھ ساتھ اوپن ایئر جم بھی تعمیر کیا گیا ہے ، علاقہ مکینوں نے پارک کی بحالی کا زبردست خیر مقدم کیا اور جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔منعم ظفر خان نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز میں 234پارک بحال اور آباد کیے جاچکے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے ٹاؤن اور یوسیز کو اختیارات ووسائل کی کمی کے باوجود ہمارے 9ٹاؤنز میں ترقیاتی وتعمیراتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، چند روز قبل انچولی امروہہ گراؤنڈ میں فلڈلائٹس کی تنصیب پر تقریباً 80 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن میں موجود اکثر اسکولوں کی حالت بہتر اور طلبہ وطالبات واساتذہ کو بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں،جن کے باعث ان اسکولوں میں داخلے کا تناسب بڑھ گیا ہے اور والدین بھی مطمئن اور خوش ہیں، حیدری مارکیٹ کو ازسر نو تعمیر کرکے ایک ماڈل مارکیٹ بنایاگیا ہے ،جسے خریداری کرنے والوں اور دوکانداروں وتاجروں نے بھی سراہا ہے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے وسائل کراچی پر ہی خرچ ہونے چاہیئے ، سندھ حکومت ٹاؤنز اور یوسیز کو ترقیاتی فنڈز دے ،واٹر کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو ٹاؤن اور یوسی چیئرمینوں کی نگرانی میں دیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں