منصوبوں کیلئے تکمیل کی مدت مقرر کرنے کا حکم
تمام اسکیموں کی تکمیل کی رپورٹ 30 مئی تک پیش کی جائے ، موجودہ رفتار ابھی تسلی بخش نہیں ،عوامی توقعات کو پورا کرنے کے لیے کام تیزکیاجائے ،میئرترقیاتی منصوبے صرف ٹینڈر جاری کرنے یا فنڈز مختص کرنے تک محدود نہیں ہوتے ،حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں جاری اور آئندہ شروع ہونے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے واضح تکمیل کی مدت مقرر کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ یہ ہدایات میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران جاری کی گئیں، جس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بلدیہ عظمیٰ کے میونسپل کمشنر ابرار جعفر نے میئر کراچی کو مختلف مدات کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی مالی اور عملی پیش رفت کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔
ان منصوبوں میں کلک پروجیکٹس، گرانٹ اِن ایڈ اسکیمیں، صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) اور ضلعی اے ڈی پی کے تحت جاری اسکیمیں شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور شہری ان منصوبوں کے مثبت اثرات کو محسوس بھی کرنے لگے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ رفتار ابھی تسلی بخش نہیں اور عوامی توقعات کو پورا کرنے کے لیے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے صرف ٹینڈر جاری کرنے یا فنڈز مختص کرنے تک محدود نہیں ہوتے بلکہ یہ حکومت اور بلدیاتی انتظامیہ کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو بہتر سہولیات اور موثر شہری خدمات فراہم کی جائیں۔
میئر کراچی نے تمام چیف انجینئرز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ جاری منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور انہیں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ تمام اسکیموں کی تکمیل کی رپورٹ 30 مئی تک پیش کی جائے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں سو سے زائد ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے جبکہ 139 نئی سڑکوں کی اسکیمیں بھی منصوبہ بندی کے مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ نئی اسکیموں پر بھی بلا تاخیر کام شروع کیا جا سکے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ اس وقت شہر میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی کی ترقی کے منصوبوں کی مکمل حمایت کر رہی ہے ۔