سکھر:بلند عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کے حکم پرانتظامیہ متحرک

سکھر:بلند عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کے حکم پرانتظامیہ متحرک

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز، مختار کاروں کوجائزہ لینے کے احکامات جاری کردیئے54 سے زائد بلند عمارتوں میں آگ سے بچائو کے انتظامات کا جائزہ لیں، نادر شہزاد

سکھر (بیورو رپورٹ)سندھ حکومت کی جانب سے بلند عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کے حکم پر سکھر انتظامیہ متحرک ہو گئی، گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نادرشہزاد خان نے شہر کی اونچی عمارتوں، پلازوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں قائم بڑی عمارتوں میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے احکامات جاری کئے ، ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں، مختارکاروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر کے مختلف پلازوں اور عمارتوں میں فوری سیفٹی اقدامات کا معائنہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ریجنٹ کالونی روڈ پر واقع برج ویو پلازہ، شکارپور روڈ پر واقع شبیر پلازہ، وی آئی پی پلازہ، مہران پلازہ اور والس روڈ پلازہ سمیت دیگر 54 سے زائد بلند عمارتوں میں آگ سے بچائو کے انتظامات، ایمرجنسی راستوں اور دیگر حفاظتی سہولیات کا جائزہ لیں ، سکھر انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق مختلف پلازوں اور اونچی عمارتوں کے حوالے سے گیس کے میٹروں کی لیکیج، ڈرینج لائنوں کی خرابی اور بجلی کے کھلے تاروں سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئی ہیں، جن کے باعث کسی بھی وقت حادثات پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی راستے اور دیگر ضروری حفاظتی انتظامات موجود نہیں ہیں یا عمارتیں خستہ حال ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں