ٹرمپ کوتاریخ بطور وار کرمنل یاد رکھے گی، کاشف سعید
جنگیں ختم کرنے کادعویدار دنیا میں دہشت گردی کوفروغ دے رہا، جماعت اسلامی رہنماغزہ امن بورڈ دھوکا، حکومت نکلنے کا اعلان کرے ، ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ، خطاب
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جنگیں ختم کرنے کا دعویدار ٹرمپ دنیا میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، اس کو تاریخ میں وار کرمنل کے بطور یاد رکھا جائے گا، حکومتِ نام نہاد بورڈآف پیس سے نکلنے کا اعلان کرے ، ٹرمپ کے غزہ امن بورڈ میں دھوکے کے سوا کچھ نہیں، پاکستان کو امریکہ و اسرائیل کی مذمت اور کھل کر ایران کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ، حکمران طبقہ اپنے اقتدار کے پیش نظر امریکہ و اسرائیل کا معاون بنا ہے ، اس صورتحال میں امت کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں سابق نائب امیرحبیب اﷲ شیخ مرحوم کے صاحبزادگان کی جانب سے مقامی ہال میں منعقدہ دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ نام نہاد جمہوریت کا دعویدار حکمران ٹولہ غربت ختم کرنے کے بجائے غریبوں کے خاتمے کی پالیسی پر گامزن ہے ، حکومت نے معیشت، سیاست اور امن امان قائم کرنے کے دعوے کئے تھے مگر ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں جبکہ معیشت تباہی سے دوچار ہے ، جماعت اسلامی ظالم اور بے حس حکمرانوں کیخلاف عید کے بعد ‘‘بدل دو نظام’’ تحریک کا آغاز کررہی ہے ، سندھ کے عوام ظالم جاگیرداروں اور وڈیروں کی چنگل سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔