ڈیری فارمرز کی دودھ کی فی لٹر قیمت 320روپے مقرر کرنے کی درخواست

ڈیری فارمرز کی دودھ کی فی لٹر قیمت 320روپے مقرر کرنے کی درخواست

کراچی(این این آئی)کراچی میں دودھ کی قیمت میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی ۔

 ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمت بڑھانے کے حوالے سے کمشنر کراچی کو باضابطہ خط ارسال کر دیاجس میں دودھ کی فی لٹر قیمت 320 روپے مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ۔ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کمشنر کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ نرخوں پر دودھ فروخت کرنا فارمرز کے لیے شدید مالی نقصان کا باعث بن رہا ہے ۔ڈیری فارمرز اس وقت فی لٹرتقریباً 70 روپے تک نقصان برداشت کر رہے ہیں جو اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔ایسوسی ایشن کے مطابق مویشیوں کے چارے ، ادویات، بجلی، پانی اور دیگر اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے ، جس کے پیش نظر دودھ کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے ۔ خط میں مطالبہ کیا گیا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں دودھ کی نئی قیمت 320 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے ۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں