میرپور خاص:مرکزی سبزی منڈی میں مبینہ قبضے کی کوشش

میرپور خاص:مرکزی سبزی منڈی میں مبینہ قبضے کی کوشش

مبینہ سماجی کارکن کی گودام کرائے پرلیکر سبزی منڈی کی جانب بڑھانے کی کوششآڑھتیوں کی بڑھی تعداد جمع، مارکیٹ کمیٹی حکام کوآگاہ کیا، سیکریٹری نے کام رکوا دیا

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص کی مرکزی سبزی منڈی میں مبینہ غیرقانونی قبضے کی کوشش پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، جہاں خود کو سماجی کارکن ظاہر کرنے والے محمد اظہر عباسی پر سرکاری املاک میں مداخلت اور قبضے کی کوشش کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص نے مارکیٹ کمیٹی دفتر کے قریب واقع ایک گودام مبینہ غیرقانونی طور پر لیز پر حاصل کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی طور پر گودام کی چھت کی مرمت کی اجازت لی گئی تھی، تاہم حالیہ دنوں مبینہ سبزی منڈی کی جانب واقع سرکاری دیوار کو توڑنے کی کوشش کی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سبزی منڈی کے آڑھتی بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر مارکیٹ کمیٹی حکام کو آگاہ کیا۔ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی نے موقع پر پہنچ کر جاری کام رکوا دیا اور واقعے کی تحریری رپورٹ درج کرلی، بعد ازاں صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب متعلقہ افراد کی جانب سے مارکیٹ کمیٹی کے اہلکاروں اور دیگر افراد کو دھمکیاں دی گئیں، جس کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہوگئے ۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس نفری طلب کرلی گئی تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور سرکاری دیوار کی دوبارہ تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ نام نہاد سماجی کارکن اظہر عباسی کے خلاف اس سے قبل بھی شہریوں کو مبینہ طور پر جعلی دستاویزات اور مقدمات کے نام پر ہراساں کرنے کی شکایات سامنے آچکی ہیں۔ شہریوں اور آڑھتیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں