گلشن اقبال میں نوسربازوں نے نوجوان کو 9 لاکھ روپے سے محروم کردیا

گلشن اقبال میں نوسربازوں نے نوجوان کو 9 لاکھ روپے سے محروم کردیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلشن اقبال کے رہائشی نوجوان کو اے ٹی ایم پر مدد کے بہانے نوسربازوں نے 9 لاکھ روپے سے محروم کر دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق متاثرہ نوجوان کے والد کامران خان چشتی نے عزیز بھٹی تھانے میں واقعے کی باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے جس میں واردات کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔

پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق نوجوان گلشن اقبال میں بینک کی اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے گیا تھا۔ وہاں پہلے سے موجود ایک نامعلوم شخص نے مشینی خرابی کا بہانہ بنا کر نوجوان سے اپنا کارڈ چیک کرنے کی درخواست کی۔نوجوان جیسے ہی مشین کے پاس پہنچا تو 2 مزید مشتبہ افراد بھی وہاں آ گئے ۔ ایک نوسرباز نے دھوکے سے نوجوان کا اے ٹی ایم کارڈ اپنے قبضے میں لے لیا اور بڑی مہارت سے اسے اپنی جیب میں چھپا لیا۔ ملزمان نے نوجوان کو الجھائے رکھا اور اس سے پن کوڈ بھی حاصل کر لیا۔ملزمان نے نوجوان کو یہ تاثر دیا کہ کارڈ مشین میں پھنس گیا ہے اور اسے صبح بینک کھلنے پر واپس لینے کا مشورہ دے کر وہاں سے فرار ہو گئے ۔ اس دوران نوجوان کو اندازہ نہیں ہوا کہ اس کا اصلی کارڈ نوسرباز لے چکے ہیں اور مشین خالی ہے ۔واردات کے فوری بعد ملزمان نے نوجوان کے اکاؤنٹ سے رقم کی منتقلی شروع کر دی اورمجموعی طور پر 9 لاکھ روپے نکال لیے گئے ۔متاثرہ شخص نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں