وزیر اعظم کی کفایت شعاری لائق تحسین ،مولانا بشیر فاروق

وزیر اعظم کی کفایت شعاری لائق تحسین ،مولانا بشیر فاروق

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنا خوش آئند، عام فرد کو فائدہ ہوگاشادی کی تقریبات محدود کرنے سے اناج کے ذخائر تادیر برقرار رہ سکیں گے

کراچی(سٹی ڈیسک)سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیر فاروق قادری نے حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے بعض اقدامات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور تجویز دی ہے کہ دوران جنگ ان اقدامات کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے رہنے چاہئیں۔ جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لگژری گاڑیوں کے ہائی آکٹین فیول پر 200 روپے اضافے کا فیصلہ خوش آئند ہے کیونکہ اس فیصلے سے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کے علاوہ چھوٹی گاڑیاں رکھنے والوں پر مالی بوجھ میں اضافہ نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیلانی نے ہی سب سے پہلے بعض ضروری اقدامات تجویز کیے تھے جن میں بڑی گاڑیوں کے لیے فیول مہنگا کرنے ۔چھوٹی گاڑیوں۔رکشہ اور بائیکرز کے لیے پیٹرول سستا رکھنے کی تجاویز کے ساتھ ساتھ شادی بیاہ و دیگر تقریبات کو بھی محدود پیمانے پر منعقد کرنے کی اجازت دینے کا مشورہ دیا گیا تھا تاکہ ملک میں اناج کی قلت پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق حکومت نے تقریبات میں شرکاء کی تعداد 200 تک رکھنے اور ون ڈش طعام کے احکامات جاری کردیے ہیں جو یقینا ً خوش آئند قدم ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ کفایت شعاری مہم ضرور کامیاب ہوگی۔ سیلانی اس مہم میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں