گورنرسے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز کی ملاقاتیں
دوست ممالک کے ساتھ مستحکم تعلقات اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاقنہال ہاشمی سے چیف سیکریٹری ، آئی جی اور معززین کی بھی ملاقات،نیک تمناؤں کااظہار
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے عید کے پہلے روز گورنر ہاؤس میں عیدالفطر کے موقع پر مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، رکن قومی اسمبلی اختیار بیگ، اشتیاق بیگ اور معززین شہر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر غیر ملکی سفارتکاروں نے گورنر سندھ کو عیدالفطر مبارکباد پیش کی۔ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، عمان، جرمنی، بحرین، جاپان اور چین کے قونصل جنرلز نے شرکت کی، جبکہ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل بھی موجود تھے ۔ یمن اور مراکش کے اعزازی قونصل جنرلز کے علاوہ انڈونیشیا، ویتنام اور فرانس کے قونصل جنرلز اہلِ خانہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس پہنچے۔
چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے گورنر سندھ سے ملاقات کی ، منصب سنبھالنے اور عید کی مبارکباد دی۔ آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے عید ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، ثقافتی روابط، تعلیمی اشتراک اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر سندھ نے بین الاقوامی شراکت داری کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔عیدالفطر کے موقع پر گورنر ہاؤس سفارتی سرگرمیوں کا اہم مرکز بن گیا۔