ہماری منزل مضبوط اورخودمختارپاکستان ہے ،سید فیروزشاہ
23مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت سے عبارت ،وفاقی مشیر
کراچی(آئی این پی)پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروزعالم شاہ نے کہاہے کہ 23 مارچ کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،جب جنوبی ایشیاکے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کافیصلہ کیا تھا، قرار داد پاکستان نے منزل کا واضح شعور دیا اور صرف 7سال بعد پاکستان وجود میں آگیا، یہ وہ منزل تھی جس کا واضح تصور علامہ اقبال نے 1930ئمیں پیش کیا تھا، پاکستان ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین صدارتی ایوارڈ یافتہ سید فیروزعالم شاہ نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد قوم نے ہر آزمائش میں غیر معمولی جذبے اور عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا۔
ایک نوزائیدہ ملک سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور آہنی عزم سے عبارت ہے ، پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے مزید انتھک محنت کرنا ہوگی، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کر رہے ہیں، آپریشن بنیانِ المرصوص میں مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروزعالم شاہ نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پرہم پختہ عہد کریں کہ وطن عزیز کی مضبوطی اور سربلندی کیلئے ہم ایک زندہ اور پر عزم قوم کے طو رپر اقبال اور قائد کے افکار کو مشعل راہ بناکر پاکستان کو مضبوط ،خود مختاراور خوشحال ملک بنائیں گے ۔