سندھ حکومت نے کرپشن سے تعلیم کو تباہ کر دیا، منعم ظفر خان

سندھ حکومت نے کرپشن سے تعلیم کو تباہ کر دیا، منعم ظفر خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے تعلیم دشمنی میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سندھ میں اکثر سرکاری اسکول بند ہیں، 45 ہزار اسکولوں میں سے 25 ہزار اسکولوں میں ٹوائلٹ نہیں ہیں۔ یہی حال فرنیچر و دیگر تعلیمی اشیاء کا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ میں تعلیم کو تباہ کردیا ہے لیکن جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پڑھو اور پڑھاؤ مہم دراصل متوسط و غریب طبقے کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن میں پڑھو اور پڑھاؤ مہم کے سلسلے میں دو روزہ تبادلہ کتب کیمپ کے دوسرے دن خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منعم ظفرنے مزید کہا کہ پڑھو پڑھاؤ مہم کے دوران لوگ پرانی کتاب دے کر نئی کلاس کی کتابیں بالکل مفت حاصل کررہے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی کے مارے لوگوں کو کچھ ریلیف مل رہا ہے ۔ کراچی میں ماہ اپریل میں15مقامات پر تبادلہ کتب کیمپس کا انعقاد کرکے بڑے پیمانے پر لوگوں کو سہولیات پہنچائیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ مدثر انصاری نے پڑھو اور پڑھاؤ مہم کی غرض و غایت بیان کی۔ کیمپ میں طلباء میں مفت کتابیں، اسکول بیگ، جیومیٹری بکس اور اسٹیشنری کا سامان بڑی تعداد میں تقسیم کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں