لڑکیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم ناگزیر، گورنر

لڑکیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم ناگزیر، گورنر

تعلیم یافتہ خواتین ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیںنہال ہاشمی سے برٹن بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات،مختلف امور پرتبادلہ خیال

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، جبکہ تعلیم یافتہ خواتین ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین کے چانسلر وجیہ الدین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر، رجسٹرار اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ۔گورنر سندھ نے خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ سے پاکستان برٹن بزنس کونسل کے وفد نے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پرنہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے ، جبکہ پاکستان بالخصوص سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو راشد اقبال نے گورنر سندھ کو آگاہ کیا کہ برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل کی کاوشوں کے نتیجے میں برطانیہ کی بیرونی سرمایہ کاری کی ترجیحی فہرست میں پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں