پانی چوری روک کرمنصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے ، سیڈا چیئرمین

پانی چوری روک کرمنصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے ، سیڈا چیئرمین

تمام ڈویژنز، سب ڈویژنز میں واٹر کورسز اصل سائز میں بحال کئے جائیں، منصور احمدنہروں کی ٹیل تک پانی پہنچانا یقینی بنایا جائے ، میرپور خاص میں انجینئرز سے خطاب

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر منصور احمد میمن نے کہا ہے کہ پانی کی چوری کو روک کر پانی کی منصفانہ تقسیم کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔ ایسا اظہار انہوں نے میرپور خاص میں نارا کینال ایریا واٹر بورڈ کے آفس میں انجینئرز اور دیگر حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں واٹر کورسز کی اصل سائز کو ہر صورت میں بحال اور برقرار رکھا جائے ، تاکہ پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو۔ایم ڈی سیڈا نے تمام انجینئرز کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ ہر صورت میں نہروں کی ٹیل پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں کو بھی پانی کی مساوی رسائی ممکن ہو سکے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں بھی نظام میں پانی کی کمی ہو وہاں وارابندی لگائی جائیں اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

منصور میمن نے مزید کہا کہ سائفن پائپ کے ذریعے پانی کی چوری ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کیخلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔ایم ڈی نے سیڈا کے عملے کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور شاخوں اور نہروں کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور مانیٹرنگ کے بارے میں تفصیلی رپورٹس بروقت پیش کریں۔اس موقع پر ڈائریکٹر نارا کینال ایریا واٹر بورڈ شان محمد ملاح، ایگزیکٹو انجینئرز، جی ایم نارا کینال اور منیجر کسٹمر ریلیشنز بھی اجلاس میں موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں