بلدیاتی ملازمین کا کے ایم سی ہیڈآفس پردھرنا
مسائل کونسل کے اجلاس میں پیش کرنے کے لیے بھرپور احتجاج انتظامیہ نے مین گیٹ کو تالا لگاکر وہاں رکاوٹ کھڑی کرکے بندکردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے تحت کے ایم سی کونسل کے اجلاس کے موقع پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے مین گیٹ کے سامنے کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں میں عدم اضافے ،پنشنرز کی ماہوار پنشن میں اضافے کی عدم ادائیگی،2019 سے ریٹائر ملازمین کے واجبات،ٹی ایم سیز کے ریٹائر 2878 ملازمین کے فنڈ پنشن ،گریجویٹی پنشن کمیوٹیشن کی عدم ادائیگی،فائر فائٹرز کے 36 ماہ کے اوورٹائم کی عدم ادائیگی،72 سال کی عمر کے پینشنرز کی پینشن ریسٹوریشن کے واجبات جیسے مسائل کو کے ایم سی کونسل کے منتخب اراکین کے توسط سے کونسل کے اجلاس میں پیش کرنے کے لیے بھرپور احتجاج کیا گیا۔
اور مظاہرین کو اندر جانے سے روکنے پر مظاہرین نے مین گیٹ پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔جس پر انتظامیہ نے مین گیٹ کو تالا لگاکر وہاں رکاوٹ کھڑی کرکے بند کردیا۔جس سے منتخب اراکین کو متبادل دوسرے گیٹ سے اندر بھیجا گیا۔جمعے کو تعطیل کے باوجود پنشنرز وملازمین کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔اور دوگھنٹے تک دھرنادیا۔مختلف سیاسی جماعتوں کے چیئرمینوں نے مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کروائی کہ انکی آواز کونسل کے اجلاس میں اٹھائی جائے گی۔اس موقع پر الائنس کے صدر سید ذوالفقارشاہ، قائدین اشرف اعوان اور دیگر نے خطاب کیا۔