پولیس مقابلوں میں 7ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
شریف آباد، کیماڑی اور ملیر میں کارروائیاں، اسلحہ و موٹر سائیکل برآمدلیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ملزم بھی پکڑا گیا، متعددساتھی فرار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں کے دوران 7 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شریف آباد میں ایف سی ایریا ریلوے پھاٹک روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت دانیال حسین عرف ڈینی کے نام سے ہوئی ،ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور نقد رقم برآمد ہوئی جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ضلع کیماڑی کے تھانہ سائیٹ بی کے علاقے میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان غلام مصطفیٰ اور میر مرتضیٰ زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جن کے قبضے سے غیر قانونی پستول اورموٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ ادھر کلاکوٹ میں مقابلے کے دوران ایک ملزم عیسیٰ زخمی حالت میں گرفتار ہوا ۔ پولیس نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے ۔سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے شہری سے واردات کے دوران ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے مقابلہ کیاجس کے نتیجے میں ایک ملزم ماجد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔ ضلع ملیر کے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود گلستان سوسائٹی کے قریب مقابلے میں دو ملزمان مجاہد اور وجاہت زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے ۔ڈسٹرکٹ ملیر،ویسٹ،سٹی اور کیماڑی سے گرفتار زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔