حب کینال سے پانی کی فراہمی باقاعدہ شروع
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق زیرو پوائنٹ حب کینال پر جاری ترقیاتی کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے ۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد حب ڈیم سے حب کینال میں پانی کی فراہمی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ جیسے ہی کینال میں پانی کی سطح معمول پر آئے گی، حب پمپنگ اسٹیشن سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بتدریج بحال ہو جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت زیرو پوائنٹ حب کینال کے اپ اسٹریم کو ڈاؤن اسٹریم سے ملانے کے لیے ایک جدید انٹیک چیمبر تعمیر کیا گیا ہے ، جس کے ذریعے دونوں کینالز کو حب ڈیم سے مثر انداز میں منسلک کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس اہم ترقیاتی اقدام سے ضلع غربی اور ضلع کیماڑی میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری متوقع ہے ، جس سے شہریوں کو درپیش پانی کی قلت میں کمی آئے گی۔ترجمان کے مطابق شہریوں کو بہتر، موثر اور بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔