گھوٹکی:پولیس مقابلے میں مغوی بازیاب،3اغوا کار گرفتار
کراس بند پل پرفائرنگ، ایک ملزم زخمی، اسلام لغاری کو2روز قبل اٹھایا گیا تھاسکھر پولیس سے بھی مقابلوں میں 2زخمی ڈاکو گرفتار، 4فرار، اسلحہ برآمد کرلیا گیا
گھوٹکی، سکھر (نمائندگان)گھوٹکی کے علاقے کراس بند پل کے قریب کھمبڑا پولیس اور اغوا کاروں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا کرتین اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں ایک زخمی بھی شامل ہے ۔ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کے مطابق مغوی محمد اسلام لغاری کو دو روز قبل داد لغاری کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کار مغوی کو بلوچستان کے علاقے سوئی منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گھیر لیا۔ پولیس اور اغوا کاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک اغوا کار عبدالمجید زخمی ہو گیا، جسے اسپتال داخل؛ کرا دیا گیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق اغوا کاروں سے تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید اہم انکشافات کی توقع ہے ۔ ادھر سکھر پولیس کے مطابق 2 مقابلوں میں 2 زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سعید آباد لنک روڈ کے قریب ڈاکو غلام حیدر میتلو کو زخمی حالت میں گرفتارکیا، اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے ، زخمی ڈاکو اسنیچنگ، چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں سمیت متعدد سنگین وارداتوں پولیس کو مطلوب تھا،اسی طرح روہڑی میں پولیس نے ایک ڈاکو غلام علی چوہان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا، جبکہ ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ، پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے ارادے سے روڈ پر موجود تھے کہ پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی تھی ،گرفتار زخمی ڈاکو اسنیچنگ، چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلہ سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث و مطلوب تھا۔