بندرگاہی ترقی اور سرمایہ کاری کا عمل تیز کر دیا ،جنید انوار

بندرگاہی ترقی اور سرمایہ کاری کا عمل تیز کر دیا ،جنید انوار

پانی کی ضروریات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم ، جامع اسٹڈی کرے گی،وفاقی وزیر پورٹ قاسم ،رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ہاؤس کا دورہ ،تعاون کی یقین دہانی

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے بندرگاہی ترقی،سرمایہ کاری کے فروغ اور انفرااسٹرکچر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے لینڈ ریفارمز اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع متعارف کرانے کے عمل کو تیز کر دیا ۔ دورے کے دوران وزیر بحری امور کو مختلف جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جس میں ملٹی پرپز ٹرمینل کے قیام کو اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے بندرگاہی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔ مزید برآں ایسٹرن انڈسٹریل زون کے جامع ترقیاتی منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈوئل کیرج وے جیسے اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں کوجلد مکمل کیا جائے ۔ اسی طرح سی ٹو اسٹیل منصوبے پر پیشرفت کو بھی سراہا گیا ۔پانی کی بڑھتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر بحری امور نے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا،یہ کمیٹی پورٹ قاسم کی آئندہ 25سالہ پانی کی ضروریات اور اخراجات پر جامع اسٹڈی کرے گی۔ علاوہ ازیں جنید انوار چوہدری نے ریئر ایڈمرل (ر)شاہد احمد، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ اور وزارت بحری امور کے دیگر حکام کے ہمراہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ہاؤس کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر نے ریپ ممبران کو ان کے تحفظات دور کرنے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں