سازش کے تحت سول اسپتال جامشورو منتقل کیا جا رہا، سابق ایم ایس

سازش کے تحت سول اسپتال جامشورو منتقل کیا جا رہا، سابق ایم ایس

پہلے ہی ڈاکٹر غیر محفوظ، اسپتال کو مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ، ہادی بخش جتوئی سول سمیت مختلف سرکاری اسپتالوں کو بہتر، مریضوں کی جان بچائی جائے ،پریس کانفرنس

حیدر آباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد سول اسپتال کے سابق ایم ایس اور سابق ڈی جی صحت ہادی بخش جتوئی نے حیدرآباد سول اسپتال کو جامشورو منتقل کرنے کیخلاف اور مریضوں کو علاج کی سہولت نہ ملنے پر حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت سول اسپتال کو جامشورو منتقل کیا جا رہا ہے ،جامشورو میں پہلے ہی ڈاکٹر محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سول اسپتال کرپشن کی وجہ سے مالی بحران کا شکار ہے ، جس کے باعث لوگ کراچی کے مہنگے اسپتالوں میں علاج کرانے پر مجبور ہیں، جہاں مریض کو علاج کے لیے اپنی جائیداد تک فروخت کرنی پڑتی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ سول اسپتال کو مزید اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ، ان کے دور میں ساڑھے 4کروڑ روپے دواؤں کا بجٹ تھا، جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا تھا،اگر کوئی ڈاکٹر ٹیسٹ باہر کراتا تھا تو وہ اس پر جرمانہ عائد کرتے تھے ۔انہوں نے کہا قاسم آباد تعلقہ اسپتال 50 بستروں پر مشتمل تھا، اگر اس میں مزید 50 بستروں کا اضافہ کیا جائے تو مریضوں کو بہتر سہولت مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کرپشن نظام کو ختم کرنا چاہیے ۔ سول اسپتال میں تمام مشینیں خراب پڑی ہیں، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینیں بھی خراب ہیں، ایک مخصوص گروہ کرپشن میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا حکومت پیسے تو دیتی ہے لیکن کرپشن کی جاتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں قبرستانوں کے لیے زمین فراہم کی جائے اور سول اسپتال سمیت مختلف سرکاری اسپتالوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں