آگرہ تاج میں 70دن کے اندر غیر قانونی طور پر 7منزلہ عمارت کی تعمیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں 70 دن کے اندر غیر قانونی طور پر 7 منزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
جس میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری کارروائی کی استدعا کی گئی ہے ۔ درخواست گزار شہری زاہد حسین نے موقف اختیار کیا کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی، مرزا آدم خان روڈ پر واقع پلاٹ نمبر 25 پر بلڈرز کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارت تعمیر کی گئی۔ درخواست میں سندھ حکومت، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، اینٹی انکروچمنٹ اور لینڈ ڈپارٹمنٹ کو بھی فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست کے مطابق مذکورہ عمارت محض 70 دن میں 7 منزلہ تعمیر کی گئی جو ایس بی سی اے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ،متعدد بار ایس بی سی اے کو شکایات درج کرائی گئیں، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی۔