گورنر سندھ کا دورہ روہڑی، سکھر ایکسپریس میں سفر کیا
وزیر اعظم کی ہدایت پرکفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد کیا، سید نہال ہاشمیدیگر عوامی نمائندوں کوبھی خزانے پربوجھ کے بجائے کفایت شعاری کا مشورہ
روہڑی، سکھر (نمائندگان دنیا)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سکھر کے دورے کے دوران سادہ طرز سفر کی مثال قائم کردی، کراچی سے سکھر ایکسپریس کے ذریعے روہڑی اسٹیشن پر پہنچے جہاں پران کا تپاک استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کراچی سے بذریعہ سکھر ایکسپریس ٹرین روہڑی پہنچے ، جہاں سے وہ سکھر روانہ ہوئے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر سرکاری افسران اور سیاسی کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی گئی اور ان کا شاندار خیرمقدم کیا گیا، گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اپنے دورہ سکھر کے دوران کفایت شعاری پالیسی پر عمل کرتے ہوئے فضائی سفر کے بجائے ریل کے ذریعے سفر کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیرِاعظم کی ہدایات کے مطابق سادہ طرزِ زندگی اور قومی وسائل کے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ سادگی اختیار کریں اور قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے سے گریز کریں، گورنر سندھ کے اس اقدام کو عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور اسے ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے ۔ دورے کے دوران گورنر سندھ نے روہڑی میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کی رہائش گاہ پر ناشتہ کیا اور مختلف سرکاری و عوامی پروگرامز میں شرکت کے لئے سکھر روانہ ہو گئے ۔ دریں اثنا روہڑی اسٹیشن پر گورنر کے سر سے کسی نے ٹوپی اتار دی۔ ویڈیو میں ٹوپی اتارنے والے کا چہرہ تو نظر نہیں آ رہا ، ٹوپی اترتے دکھائی دے رہی ہے۔