صنعتکاروں کا سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کا مطالبہ
بھتہ خوری ، فیکٹریوں میں ڈکیتیاں، صنعتکار کہاں جائیں ؟ زبیرموتی والا،عبدالرحمان
کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں نے بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات ، فیکٹریوں میں ڈکیتیاں اور سازگار کاروباری ماحول کی عدم فراہمی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی جاوید عالم اوڈھو سے مدد طلب کرتے ہوئے درخواست کی کہ اقتصادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔صنعتکاروں نے اجلاس میں آئی جی سندھ کو امن و امان سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ صنعتوں کو بلاتعطل چلانے کیلئے پُرامن ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ اس ماحول میں صنعتکار کہاں جائیں۔صدر سائٹ عبدالرحمان فدا نے نارتھ کراچی میں بھتہ خوری کے تناظر میں ایک صنعتکار پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صنعتکار برادری کی جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔انہوں نے سائٹ ایریا میں تجاوزات کی بھرمار کی نشاندہی کی جس کے جواب میں آئی جی نے کہا کہ ہارڈ اور سافٹ تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور ساتھ ہی صنعتکار برادری سے بھتہ خوری اور انہیں نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گااس کے ساتھ ٹریفک کے مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ تھانوں کے ماحول کی وجہ سے عوام ایف آئی آر درج کرانے سے کتراتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ جرائم کے واقعات بغیر نام لیے درج کیے جائیں۔