سندھ کے بالائی، وسطی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں
جیکب آباد، میرپور خاص سمیت کئی شہروں میں پارہ 46ڈگری تک جا پہنچاآئندہ دنوں دادو، لاڑکانہ، نوابشاہ، خیرپور، کشمور میں گرمی بڑھنے کی پیشگوئی
جھڈو، اندرون سندھ (نمائندگان، مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جیکب آباد سمیت کئی شہروں میں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے گرمی مزید بڑھنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبے میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے ، جس کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی ہے ۔ جیکب آباد میں درجہ حرارت 46 سے 47 ڈگری تک جا سکتا ہے ۔ دادو، لاڑکانہ، سکھر، نوابشاہ، کشمور، خیرپور اور گھوٹکی میں بھی گرمی کی شدت زیادہ رہی، جبکہ بالائی اور وسطی سندھ میں دن کے وقت شدید گرم اور خشک ہواؤں کے باعث نظام زندگی متاثر ہے۔
دوپہر کے وقت بازاروں اور گلی محلوں کی سڑکیں سنسان ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ، گرمی کے سبب شہریوں میں ٹھنڈے مشروبات، لسی، ملک شیک اور جوس وغیرہ کا استعمال بڑھ گیا، جبکہ بچے گولا گنڈا قلفی اور آئس کریم جیسی چیزوں کی طرف راغب ہیں۔ شدید گرمی کے انسانی زندگی پر شدید منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، بڑی تعداد میں عوام بخار الرجی، بھوک نہ لگنے جیسی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں، جبکہ ڈائریا اور گیسٹرو کا مرض بھی پھیلنا شروع ہوگیا ہے ، شدید گرمی چھوٹے بچوں کو سب سے زیادہ متاثر کررہی ہے ، جبکہ شدت بڑھنے سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ ہے ۔اس شدید گرمی سے جانور بھی متاثر ہوکر بیمار پڑ رہے ہیں۔ جبکہ پولٹری فیلڈ کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے۔