میرپور خاص:سی آئی اے کیخلاف ہلال مارکیٹ کے دکانداروں کااحتجاج

میرپور خاص:سی آئی اے کیخلاف ہلال مارکیٹ کے دکانداروں کااحتجاج

70سال سے پان، سپاری کاکاروبار کررہے ، دکاندار پرمنشیات کا مقدمہ درج کردیاابرار سے ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی، 4منشیات کے پیکٹ ظاہر کردیئے ، یونین رہنما

میرپور خاص (بیورو رپورٹ) سی آئی اے پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف ہلال مارکیٹ کے دکانداروں نے احتجاج کیا، ہلال مارکیٹ تاجران ایسوسی ایشن کے رہنماؤں ملک محمد نواب، حاجی راشد غوری اور دیگر دکانداروں نے سی آئی اے کی زیادتیوں کے خلاف پریس کلب میں پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں کے سامنے دہائی دی کہ سی آئی اے نے ہم دکانداروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 70 سال سے مارکیٹ میں سپاری اور پان کا کاروبار کر رہے ہیں مگر آج سی آئی اے پولیس نے ہمارے ایک دکاندار ابرار احمد راجپوت کو گرفتار کرکے اس کے خلاف ٹاؤن تھانے میں منشیات کا مقدمہ درج کر دیا ہے ، جو سراسر زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکاندار کے پاس سے کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی تھی مگر اس کے خلاف 4 منشیات کے پیکٹ ظاہر کرکے مقدمہ درج کیا گیا، پولیس کے پاس منشیات موجود ہوتی ہے ، جسے بے گناہ افراد کے پاس سے ظاہر کرکے مقدمات درج کیے جاتے ہیں تاکہ اپنی کارکردگی دکھائی جاسکے ، تاجروں نے کہا کہ اصل منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کے بجائے بے گناہ افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرنا پولیس کی روایت بن چکی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ دکاندار پر درج جھوٹا مقدمہ فوری ختم کیا جائے بصورت دیگر پولیس کے اس عمل کے خلاف مارکیٹیں بند کرکے دھرنے دیے جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں